لکھنؤ: 03 ستمبر(ایجنسی) سماج وادی پارٹی(ایس پی) کے قدآور رہنما اوررامپور سے رکن پارلیمان اعظم خان کو جفا کش اور ایماندار بتاتے ہوئے پارٹی کے نگراں ملائم سنگھ یادو نے منگل کو کہا کہ سماج وادی لیڈر کی سر عام کی جارہی بے عزتی کا بدلہ لینے کے لئے کارکنوں کو یکجا ہوکر تحریک چلانے کی ضرورت ہے جس میں وہ بذات خود بھی موجود ہوں گے۔
مسٹر یادو نے عرصے بعد پارٹی دفتر میں منعقد ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی( بی جے پی) کی حکومت میں ناانصافی کا دور دورہ ہے ۔مسٹر خان کو وہ اچھی طرح سے جانتے ہیں ان جیسا محنتی اور جفاکش لیڈر کبھی بھی بے ایمانی نہیں کرسکتا۔ وہ ایک قومی لیڈر ہیں جنکی مقبولیت پورے ملک میں تیزی سے بڑھ رہی ہے اور یہ بات بی جے پی کے کچھ لیڈروں کو ہضم نہیں ہورہی ہے اور وہ جان بوجھ کر اعظم کو نشانہ بنا رہے ہیں۔
انہوں نے
کہا کہ سینکڑوں بیگھہ زمین کے مالک خود خان دو بیگھے زمین کے لئے بے ایمانی کریں گے۔ یہ بات کسی کو بھی نہیں ہضم ہوسکتی۔دو بیگھے زمین کے لئے ان پر 27 مقدمے درج کئے گئے ہیں۔ان کو ظالم کہا جارہا ہے۔تاعمر غریب مزدور کی حق کی لڑائی لڑنے والا بھلا ظالم کیسے ہوسکتا ہے۔ منصوبہ بند طریقے سے اعظم کی بے عزتی کی جارہی ہے جس کو برداشت نہیں کیا جاسکتا ہے۔
مسٹر ملائم نے کہا کہ اس بے عزتی کا بدلہ لینے کے لئے وہ خود کارکنوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملاکر کھڑے رہیں گے اور اگر ضرورت ہوئی تو وہ اس بارے میں وزیر اعظم نریندر مودی سے بھی بات کریں گے۔انہوں نے کہا کہ مسٹر خان جیسا شخص کسی بھی غیر قانونی سرگرمیوں میں شامل نہیں ہوسکتا بی جے پی کے کچھ لیڈر خود اس بات کو مانتے ہیں کہ ان کی پارٹی ایس پی رکن پارلیمان کے خلاف غلط کررہی ہے اور اس کا خامیازہ بی جے پی کو اٹھانا پڑے گا۔